ابنا: جمعیت الوفاق نے ایک بیان میں خواتین قیدیوں کے حقوق کے احترام اور انہیں رہا کئے جانے پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ ان چار خواتین کو آل خلیفہ کی کال کوٹھریوں سے فوری رہائي ملنی چاہیے جنہیں دھرنے کے موقع پر گرفتار کیا گيا تھا۔اس انقلابی گروہ نے ملت بحرین سے مظاہرے جاری رکھنے اور نبیل رجب کی رہائي کا مطالبہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
ملت بحرین نے گذشتہ روز بنی جمرہ میں نبیل رجب کے گھر کے پاس احتجاجی مظاہرہ کرکے ان سے یکجہتی کا اظہار کیا تھا۔ادھر ایک اور انقلابی تنظیم کے سربراہ علی فائز نے کہا ہے کہ بحرینی حکومت کو امریکہ کی حمایت حاصل ہے اور یہ حمایت ختم ہونی چاہیے۔
انہوں نے العالم سے گفتگو میں کہا کہ آل خلیفہ امریکہ اور آل سعود کی حمایت ہی سے ملت بحرین کو کچل رہی ہے۔ علی فائز نے کہا کہ آل سعود کی حکومت انتھا پسند وہابی نظریات پر استوار ہے اور مغربی ممالک سعودی عرب کی جارحیت اور بحرینی فوج کی تشدد پسندانہ پالیسیوں کی حمایت کرکے ملت بحرین کے انقلاب کو شکست دینا چاہتے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے رکن محمد حسین فرہنگي نے کہا ہے کہ سامراج آل خلیفہ کی مجرمانہ پالیسیوں کی حمایت کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحرین کےحالات ہمسایہ ملکوں پر الزام تراشی سے سدھر نہیں سکتے بلکہ عالمی اداروں کو بحرین میں جاری انسانی حقوق کی پامالی اور عالمی کنونشنوں کی خلاف ورزی کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نےکہا کہ ملت بحرین کو اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہوگي ۔....... /169